کتاب مقدس با ئیبل پر ایک نظر

download PDF

اسلام اور مسیحیت دونوں کا  ایمان ہے کہ خداتعالیٰ نے انبیاء اور رسولوں کو بھیجا تاکہ وہ بنی نوع انسان کو صراط مستقیم کی تعلیم دیں  ۔خداوند کریم نے ان کی رشد و ہدایت کے لۓ اپنا الہام اور مکاشفہ عطا کیا جو کہ آج ہمارے پاس کتابی شکل میں موجود ہے  ۔  مسلمان اور مسیحی  دونوں حضرت آدم ، ابراہیم ، اسحٰق ، یعقوب ، موسیٰ ، داؤد ، سلیمان اور مسیح ابن مریم کے ناموں سے واقف ہیں ۔ اسلام اور مسیحیت دونوں یہ اعتقاد رکھتے ہیں کہ عیسیٰ مسیح کلمتہ اللہ اور روح اللہ ہیں ، تاہم مسیحیت اس سے بھی ذیادہ اہم بات کی خبر دیتی ہے ۔ ازروۓ کلام مقدس اس کا یہ دعویٰ ہے کہ حضور المسیح  نوع انسان کے نجات دہندہ ہیں ۔ اس مقصد کے لئے آپ کو  خداۓ بزرگ و برتر نے مقرر کیا اور اس جہاں میں بھیجا ۔

حضورالمسیح کون تھے اور ان کی پیروی کیوں  کریں؟ اس سوال کا جواب بہت  اہم ہے ۔  نہ صرف مسیحیت میں بلکہ اسلام میں بھی حضور المسیح کی آمدثانی کا  انتظار ہے اور عموماً اس کا ذکر روحانی  بات چیت کے دوران آجاتاہے  ۔ اس بنا پر اس سوال کی اہمیت  اور بھی زیادہ ہے کہ ہم سب حضورر المسیح کی سوانح حیات اور آپ کی تعلیم  کو جانیں اور ان سے مستفیض ہوں  ۔

 جیسے مسلمانوں کے لۓ   پیغمبر اسلام  اور ان کی تعلیمات  کی بڑی سند قرآن اور احادیث ہیں ، مسیحیوں کے لۓ  حضور المسیح کی تعلیمات کا ماخذ کتاب مقدس ہے  جسے بایٔبل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے کیونکہ یہ  صحایٔف انبیاء کا مجموعہ ہے ۔

کتاب مقدس کی تحریر اور تالیف

کتاب مقدس کی  چھیاسٹھ کتابیں متعدد بندگان خدا نے پندرہ سو سال سے زیادہ عرصے میں الہام سے تین زبانوں میں لکھیں ۔ یہ لوگ مختلف شعبۂ زندگی سے تعلق رکھتے تھے ۔ کئی ایک  نبی تھے ،  کوئی بادشاہ تھا، کوئی بھیڑوں کا  چوپان تھا اور کوئی ماہی گیر ، کوئی عالم تھے اور کوئی سپہ سالار ،کوئی سرکاری ملازم تھا اور کوئی طبیب اور کئی ایک مبلغ تھے ، اگرچہ ان سب کے پیشے ایک دوسرے سے مختلف تھے اورخدائے پاک کے یہ بندے مختلف ادوار میں پیدا ہوئے اور لوگوں کی ہدایت کے لئے بھیجے گئے ، ان سب کو باری تعالٰی نے ایک ہی مقصد کے لئے بلایا کہ خدا کے پاک کلام اور اس کی احکام  کی منادی کریں ۔

دنیا میں کئی ایک کتابیں  ہیں جو  باری تعالیٰ کا ذکر کرتی ہیں  لیکن یہ کتاب بائیبل  ان سے مختلف ہے  ۔ یہ صرف یہی نہیں بتاتی کہ خدا ۓ رب العزت نے ہم سب کو  خلق کیا اور ہماری ہدایت کے لئے پیغمبر بھیجے بلکہ  یہ بھی کہ گناہ کی وجہ سے نوع انسان اس راستے سے بھٹک گئئ ہے جو خدا  کی طرف جاتا  ہے ۔ یہ کتاب اس مسلہ کاحل پیش کرتی ہے کہ کس طرح ہم  اپنے شفیق خالق کی طرف جانے کا راستہ پا سکتے ہیں تاکہ ہمیشہ ہمیشہ  کے لئے  اس کی پاک حضوری میں ابدی زندگی بسر کریں۔

کتاب مقدس کے حصے

کتاب مقدس دو بڑے حصوں میں منقسم ہے ۔ پرانا عہدنامہ یعنی عہد عتیق اور نیا عہدنامہ یعنی عہد جدید  ۔ پرانا عہدنامہ ۳۹ اور نیا عہدنامہ ۲۷ کتب پر مشتمل ہے ۔ دونوں کی فہرستیں ہر بائبل مقدس کے شروع  میں دیکھی جا سکتی ہیں۔ یہ دونوں حصے خداند کریم کے دو عظیم  عہدوں پر ہماری توجہ مرکوز کرتے ہیں ۔ پہلا عہد یعنی عہد عتیق جو خداوند تعالٰی نے حضرت موسٰی کی معرفت  بنی اسرایئل سے باندھا  اور دوسرا عہد   یعنے عہد جدید جو حضور المسیح کی وساطت سے تمام بنی نوع انسان کے ساتھ خدایٔ بزرگ وبرتر  نے قائم کیا ۔

 


download PDF